سیٹیزن پورٹل پر شکایت، شہری کو 100 سال بعد زمین کا قبضہ واپس مل گیا

اسلام آباد(این ایل آئی) سابق بیوروکریٹ کی سیٹیزن پورٹل پر شکایت کام کرگئی، وزیراعظم عمران خان نے فوری نوٹس لیا اور زمینی تنازعہ حل ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق بیوروکریٹ کی سیٹیزن پورٹل پر شکایت کا ازالہ ہوگیا وزیراعظم کے فوری نوٹس نے دس دہائی پرانا زمینی تنازعہ حل کردیا اور شکایت کرنے والے شہری کو 100 سال بعد زمین کا قبضہ واپس مل گیا۔ رپورٹ کے مطابق سابق فیڈرل ایڈیشنل سیکرٹری احسن ملک نے بتایا کہ دادی کی زمین نہ ملنے پر سیٹیزن پورٹل پر شکایت درج کرائی، جس پر فوری ایکشن لیا گیا اور محکمہ ریونیو خوشاب نے زمین کا انتقال کرکے ہمارے نام منتقل کردی۔ سابق فیڈرل سیکرٹری احسن ملک نے سیٹیزن پورٹل پر فوری شنوائی پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے دعا دی کہ ملک وزیراعطم عمران خان کے وژن کے مطابق آگے بڑھے۔ یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں وزیراعظم عمران خان نے ایک لاکھ 55ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیا تھا، یہ شکایات جولائی تا دسمبر دو ہزار بیس میں دائر کی گئیں تھیں۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ خیال رہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد 30 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، 15لاکھ شہریوں نے پاکستان سٹیزن پورٹل پراظہار خیال کیا اور لاکھوں شہریوں نے سٹیزن پورٹل کے ذریعے ریلیف ملنے کی تصدیق کی۔

You May Also Like